علی گڑھ،15/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہئ نفسیات کے زیرِ اہتمام وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ (ریٹائرڈ)اور پرو وائس چانسلر برگیڈیئر سید احمد علی(ریٹائرڈ) کے اعزاز میں انوکھی الوداعی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا جس میں محترمہ صبیحہ سیمیں شاہ، ڈاکٹر ندیم ترین اور ان کی اہلیہ محترمہ ارجمند بانو،علی اشرف علی فاطمی اور شعبہ کے اساتذہ، ریسرچ اسکالرس، سابق طلبأ اور دیگر معززین نے حصہ لیا۔ مہمانان پر آرٹس فیکلٹی کے صدر دروازہ سے جائے تقریب تک پھولوں کی بارش کی گئی۔اس موقعہ پر وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ نے اپنی زندگی سے وابستہ خوبصورت اور اہم یادیں پیش کیں۔ انہوں نے شعبہئ نفسیات کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد الیاس خاں کو ان کی ہمت، صلاحیت، قیادت، معیار، فنِ خطابت اور تقریب کو یادگار بنانے کے لئے ان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ شعبہئ نفسیات نے ان کے اعزاز میں کئی الوداعی تقریبات منعقد کیں جنہیں وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ڈاکٹر ندیم ترین نے اے ایم یو میں چل رہے کورسیز کو پیشہ ورانہ بنانے اور ان میں تربیت دئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔محترمہ ارجمند بانو نے شعبہ کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شعبہئ نفسیات کے ذریعہ انہیں اس پروگرام میں مدعو کرنے سے ان کے کالج کے دنوں کی یادیں تازہ ہوگئیں۔شعبہئ نفسیات کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد الیاس خاں نے وائس چانسلر کی بہترین انتظامی قیادت کو سراہتے ہوئے ان کے بے پناہ حاصلات کو بیان کیا۔انہوں نے کہا کہ جنرل شاہ نے سرسید احمد خاں کے وژن کے فروغ میں اہم تعاون پیش کیا ہے جس کے لئے انہیں سرسید کا اصل جانشین تصور کیا جاسکتا ہے۔ پروفیسر الیاس نے وائس چانسلر کا شعبہ کے نئے بلاک کی تعمیر کے لئے جلیل ہاسٹل میں زمین دئے جانے کے لئے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے شعبہ کی سابق طالبہ محترمہ ارجمند بانو کا ان کے ذریعہ شعبہ کی نئی عمارت کی تعمیر کے لئے مہیا کرائی گئی مدد کے لئے شکریہ ادا کیا۔سابق مرکزی اسٹیٹ منسٹر برائے فروغِ انسانی وسائل مسٹر اشرف علی فاطمی نے ڈاکٹر ندیم ترین، پروفیسر حافظ محمد الیاس اور دیگر دوستوں کے ساتھ اے ایم یو میں گزارے دنوں کی یادوں کو تازہ کیا۔یونیورسٹی میں ہوئے ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں یہ ادارہ نئے ریکارڈ قائم کرے گا۔پروفیسر رومانہ صدیقی اور ڈاکٹر ریشما جمال نے حاضرین کا خیر مقدم کیا۔ اس موقعہ پر بشریٰ ہاشم نے جذباتی نظم پیش کی جبکہ ایم اے کے طلبأ نے گروپ سونگ پیش کیا۔ اس موقعہ پر مہمانان کو گلدستوں کے علاوہ یادگاری نشانات بھی پیش کئے گئے۔ ایم اے کے طالب علم طلحہٰ احمد نے طلبأ برادری کی جانب سے پروگرام کو خطاب کیا۔ ڈاکٹر ایس ایم خان نے شعبہ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالی۔